نئی دہلی،27/اگست (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش کے شاہ جہاں پور ضلع کے روجا تھانہ علاقہ میں منگل کو لکھنؤ۔دہلی قومی شاہراہ پر ایک ٹرک نے دو مسافر گاڑیوں کو ٹکر مار دی۔اس حادثے میں 17لوگوں کی موت ہو گئی اور پانچ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس واقعہ پر گہرا دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کو رقم دینے کا حکم دیا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ دنیش ترپاٹھی نے بتایا کہ سیتاپور سے کپڑا لے کر آ رہے ایک ٹرک نے لکھنؤ-دہلی قومی شاہراہ پر جمکا چوراہا کے قریب آگے چل رہے ایک ٹیمپو میں ٹکر مار دی جس سے وہ کھائی میں جا گرا۔انہوں نے بتایا کہ ٹرک نے آگے چل کر ایک سواری گاڑی کو بھی ٹکر مار دی جس سے بے قابو ہوکر اس پر پلٹ گئی۔ ترپاٹھی نے بتایا کہ اس حادثے میں ٹیمپو اور سواری گاڑی میں بیٹھے 16 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی مرنے والوں میں ایک خاتون اور تین بچے بھی شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آٹو برتارا سے سواریاں لے کرشاہ جہاں پور جا رہا تھا جبکہ دوسری گاڑی جنگ بہادر گنج کے لئے شاہ جہاں پور سے سواریاں لے جا رہی تھی۔ ترپاٹھی نے بتایا کہ موقع پر پہنچی پولیس نے کرین منگوا کر ٹرک کو ہٹوایا جس کے بعد بمشکل لاشوں کو نکالا جا سکا۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ میں پانچ دیگر لوگ بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔انہیں شاہ جہاں پور کے میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے۔وہیں فوت شدگان کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہیں۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس واقعہ پر گہرا دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو زخمیوں کے مناسب علاج کرانے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو راحت فنڈز فوری طورپر فراہم کرنے کو بھی کہا ہے۔